لکھنؤ، 15 اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے رام پور ٹرین حادثہ میں شدید زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے کی مالی مدد دئے جانے کااعلان کیا ہے۔ریاستی حکومت کے ایک ترجمان نے آج بتایا کہ وزیراعلیٰ نے معمولی طور پر زخمی لوگوں کو بھی25-25ہزار روپے کی مالی مدددی ہے۔ انہوں نے آبپاشی وزیر مملکت بلدیو سنگھ اولکھ کو ہدایت دی ہے کہ وہ موقع پر پہنچ کر اقتصادی مدد مہیا کرائیں۔وزیراعلیٰ نے ضلع انتظامیہ کو امدادی کام جنگی پیمانے پر کرنے کے لئے ہدایات دی ہیں، ساتھ ہی ریاست کے چیف سیکریٹری اور چیف سکریٹری( داخلہ)سمیت اعلیٰ حکام سے صورت حال پر نظر رکھنے کو کہا ہے۔اس دوران انسداد دہشت گردی دستہ( اے ٹی ایس) کے آئی جی اسیم ارون نے معاملے کی تحقیقات کے لئے ایک ٹیم رامپور بھیجی ہے۔محکمہ داخلہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ارون نے ٹیم سے کہا ہے کہ وہ راجی رانی ایکسپریس ٹرین کے حادثے والی جگہ پر فوری پہنچے۔متاثرین کے اہل خانہ کی مدد کے لئے ہیلپ لائن نمبر شروع کئے گئے ہیں۔آج صبح میرٹھ۔لکھنؤ راجی رانی ایکسپریس کے آٹھ ڈبے رام پور میں کوسی پل کے قریب پٹری سے اتر گئے، جس سے کئی افراد زخمی ہو گئے۔